ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راہل گاندھی نے مرحوم ای وائی کمپنی کے ملازم کے والدین سے ملاقات کی، کام کے طریقہ کار میں بہتری کے لیے عزم کا اظہار

راہل گاندھی نے مرحوم ای وائی کمپنی کے ملازم کے والدین سے ملاقات کی، کام کے طریقہ کار میں بہتری کے لیے عزم کا اظہار

Sun, 22 Sep 2024 11:06:21    S.O. News Service

نئی دہلی، 22/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز پونے میں واقع ’ارنسٹ اینڈ یَنگ‘ (ای وائی) کمپنی میں کام کے دباؤ کی وجہ سے اپنی جان گنوانے والے انّا سیبسٹین پیرایل کے والدین سے ملاقات کی۔ انہوں نے والدین کو یقین دلایا کہ وہ ہندوستان میں لاکھوں پیشہ وروں کے لیے کام کے حالات میں بہتری کے لیے جدوجہد کریں گے۔ کوچی میں سیبسٹین کے گھر پر ’آل انڈیا پروفیشنلز کانگریس‘ (اے آئی پی سی) کے سربراہ پروین چکرورتی نے ویڈیو کال کے ذریعے راہل گاندھی کو ان کے والدین سے ملایا۔

اے آئی پی سی نے اس تعلق سے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق راہل گاندھی نے انّا کی اچانک اور افسوسناک موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور ہندوستان میں لاکھوں پیشہ وروں کے لیے کام کے طریقہ میں بہتری سے متعلق ایشو پر اس بے حد مشکل لمحہ میں بولنے کے لیے کنبہ کی جرأت اور ان کی بے لوثی کی تعریف کی۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ راہل گاندھی نے انھیں یقین دلایا کہ وہ حزب اختلاف کے قائد کی شکل میں اس معاملے پر آواز اٹھائیں گے۔

بتایا جا رہا ہے کہ راہل گاندھی نے اے آئی پی سی چیف کو ہندوستان میں سبھی کام کرنے والے پیشہ وروں کے لیے انّا کی یاد میں ایک بیداری تحریک شروع کرنے کی ہدایت دی۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’گاندھی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اے آئی پی سی کارپوریٹ پیشہ وروں سے کام کے تناؤ اور زہریلے ورک کلچر سے متعلق ایشوز کے بارے میں جانکاری جمع کرنے کے لیے جلد ہی ایک ہیلپ لائن نمبر کا اعلان کرے گا۔ اس کے بعد اے آئی سی سی کارپوریٹ سیکٹر میں پیشہ وروں کے لیے بہتر کام کا ماھول دستیاب کرانے کے لیے مسودہ گائیڈلائن پیش کرنا چاہے گا۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں سینئر کانگریس لیڈر اور اے آئی پی سی کے سابق سربراہ ششی تھرور نے کہا تھا کہ انھوں نے انّا سیبسٹین کے والد سبی جوزف کے ساتھ جذباتی گفتگو کی جس کی ارنسٹ اینڈ ینگ میں چار ماہ تک ساتوں دن 14 گھنٹے کی بے حد تکلیف دہ کام کے ماحول اور کام کے دباؤ کے سبب دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی تھی۔ تھرور نے کہا کہ ’’پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس کے دوران سب سے پہلے وہ اس معاملے کو اٹھائیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ انّا سیبسٹین پیرایل 26 سالہ چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ تھیں جن کی مبینہ طور پر کمپنی میں زیادہ کام کے دباؤ کی وجہ سے موت ہو گئی۔ ای وائی کمپنی نے گزشتہ بدھ کے روز ایک بیان جاری کر کہا تھا کہ ’’جولائی 2024 میں انّا سیبسٹین کی افسوسناک اور اچانک موت سے ہمیں گہرا دکھ ہوا ہے۔‘‘ ساتھ ہی اس نے کہا کہ وہ ملک بھر میں اپنے دفاتر میں بہتری اور صحت مند دفتری ماحول فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔


Share: